پاکستان
ٹرینڈنگ

امریکی صدر ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی آج ملاقات طے

مریکا کے صدر ٹرمپ آج فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے اور اس موقع پر ملاقات ہو گئی

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات طے ہوگئی۔امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی ملاقات آج ظہرانے پر ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے اور اس موقع پر ملاقات ہو گئی۔

ترجمان وائٹ ہاؤس نے یہ بھی بتایا کہ صدر ٹرمپ سے آرمی چیف کی ملاقات کیبنٹ روم میں ہو گی۔ اس ملاقات میں صحافیوں کو آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

امکان ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اگر میڈیا سے بات چیت کریں یا سوشل میڈیا پر پوسٹ کریں تو اس ملاقات کے حوالے سے کوئی تفصیل بتائیں گے۔

دوسری جانب ایک اعلیٰ ترین ذرائع نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات آج امریکا میں ایسٹرن وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے یعنی پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب ہو گی۔

واشنگٹن میں آج ہونے والی ایک غیر معمولی اور انتہائی اہم ملاقات نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات کے حوالے سے نئے سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔

کیا یہ ملاقات معمولی سفارتی رابطہ ہے؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ٹرمپ یا فیلڈ مارشل عاصم منیر اس ملاقات کے بعد کوئی اہم اعلان کرتے ہیں، تو یہ خطے کی سیاست کو نئی سمت دے سکتا ہے۔ فی الحال سب کی نظریں اس ملاقات پر ہیں کہ کیا یہ
ملاقات معمولی سفارتی رابطہ ثابت ہوتی ہے یا غیر معمولی؟

یاد رہے کہ گزشتہ روز فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا جس میں انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص سےمتعلق کئی نئے پہلووں سے لوگوں کو روشناس کیا ۔

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت سے دہشتگردی پر بات ہوگی اور جلد دنیا دیکھے گی کہ کئی اہم چیزیں رونما ہوں گی۔

فیلڈ مارشل نے حکومت اور افواج پاکستان کےدرمیان اس آپریشن میں ربط کا بھی خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف سے جب صورتحال پر بات کی تو وزیراعظم نے دریافت کیا کہ لڑائی بڑی جنگ میں تبدیل ہونے کے کس قدر امکانات ہیں، ہماری طاقت کس قدر ہے، اس پر انہیں بتایا کہ ففٹی ففٹی چانسز ہیں کہ یہ لڑائی کسی بڑی جنگ میں بدل سکتی ہے، شہبازشریف نے بلاتامل کہا کہ آپ بسم اللہ کریں، اللہ ہمارے ساتھ ہے، یہ ایک سیاسی لیڈر کا فنٹاسٹک (زبردست) ردعمل تھا۔

اوورسیز پاکستانیوں نے آپریشن بنیان المرصوص کے دوران مسلح افواج کی شاندار کارکردگی، ان کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کے حقیقی سفیر قرار دیتے ہوئے ان کے کردار کو سراہا تھا، انہوں نے پاکستانی معیشت، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نیک نامی، ترسیلات زر، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں ان کی اعلیٰ کارکردگی کو قابلِ قدر قرار دیاتھا۔

اوورسیز پاکستانیوں نے آرمی چیف کے ساتھ اپنے تجربات اور تجاویز بھی شیئر کیں، جنرل عاصم منیر نے ان کے ساتھ مسلسل رابطے اور تعاون کو وقت کی ضرورت قرار دیا اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔

بھارت کے خلاف جنگ میں چین کی مدد سے متعلق بات کرتے ہوئے فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ اس میں دو رائے نہیں کہ پاکستان نے چین کا کچھ ایکیوپمنٹ استعمال کیا مگر اس میں بھی شک نہیں کہ جس قدر عُمدگی سے یہ کام افواج پاکستان نے انجام دیا، اسی طرح اسے استعمال کرنا چین کےلیے بھی چیلنج ہوگا۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج کی اصل طاقت عوام ہیں جس نے اپنی فوج کا پوری طرح ساتھ دیا، جنگ کے موقع پر ہرطبقے کا ردعمل اس قدر منظم اور پرفیکٹ تھا کہ جیسے یہ اسکرپٹڈ رسپانس ہو۔

آرمی چیف نے بھارت کے خلاف فتح کا کریڈٹ لینے سے گریز کیا اور فتح مکہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بنیان مرصوص کی کامیابی کو معجزہ قرار دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button