بین الاقوامی
ٹرینڈنگ

بھارتی مسافر طیارہ احمد آباد ایئر پورٹ کے قریب رہائشی علاقے پر گر کر تباہ،133 مسافر ہلاک

ایئر انڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 171 (جس نے برطانیہ کے شہر لندن کےلئے اڑان بھری تھی ) کو حادثہ ٹیک آف کے دوران پیش آیا

ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ بھارتی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ ایئر انڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 171 (جس نے برطانیہ کے شہر لندن کےلئے اڑان بھری تھی ) کو حادثہ ٹیک آف کے دوران پیش آیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق طیار میں 230 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوارتھے، جن میں 133 کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوگئی ہے۔حادثے کے اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے میں متعدد مسافر ہلاک ہو گئے جبکہ طیارہ ڈاکٹرز کے ہاسٹل کی عمارت پر گرا جس کے باعث کئی افراد زخمی بھی ہوئے جن کو قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کے زندہ بچ جانے کے امکانات بہت کم ہیں۔ امدادی اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمی مسافروں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت کے وزیر صحت نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے میں بہت سے افراد ہلاک ہو ئے ہیں، جبکہ ریسکیو نے 30 لاشیں نکال لی ہیں تاہم درجنوں افراد اب بھی اس عمارت میں موجود ہیں، جس سے طیارہ ٹکراکر تباہ ہوا، کئی زخمی زیر علاج ہیں۔

ایئر انڈیا کے مطابق مسافروں میں سے 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، 7 پرتگالی، اور ایک کینیڈین تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے میں 242 افراد سوار تھے جن میں 217 بالغ اور 11 بچے تھے۔

بھارتی مسافر طیارہ احمد آباد ایئر پورٹ کے قریب رہائشی علاقے پر گر کر تباہ،133 مسافر ہلاک
حادثے میں ہونیوالے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، فوٹو: سوشل میڈیا

بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پروازوں کی آمدورفت معطل

بھارت کے شہر احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے پر تمام پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔

ایئر پورٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ مسافر طیارے کے حادثے کے بعد ہوائی اڈہ ابھی فعال نہیں ہے، تمام پروازوں کی آمدورفت تاحکم ثانی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔

بھارتی مسافر طیارہ احمد آباد ایئر پورٹ کے قریب رہائشی علاقے پر گر کر تباہ،133 مسافر ہلاک
حادثے میں تباہ ہونے والی عمارت کا منظر

بھارتی وزیراعظم کا وفاقی وزیر ہوا بازی سے ٹیلی فونک رابطہ

بعد ازاں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایئر انڈیا کے طیارےکے حادثے کے بعد وفاقی وزیر برائے شہری ہوابازی کو فون کیا جس کے بعد وفاقی وزیر احمد آباد روانہ ہو گئے تاکہ موقع پر امدادی کارروائیوں اور بچاؤ کےکام کی نگرانی کر سکیں۔

بھارتی وزارت ہوا بازی کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان مین کہا گیا کہ بھارتی وزیراعظم کی جانب سے دی گئی ہدایات پر فوری عمل کیاجائے گا اور تمام ضروری امداد فراہم کی جائے گی۔

یاد رہے کہ 7 اگست 2020 میں بھی بھارتی فضائی کمپنی ایئر انڈیا کا ایک مسافر طیارہ ملک کی جنوبی ریاست کیرالہ کے شہر کوزیکوڈے یعنی کالی کٹ کے ہوائی اڈے پر اترتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گیا تھا جس میں حکام نے دو پائلٹ سمیت کم از کم 18 افراد کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق شام سات بج کر 41 منٹ پر پیش آیا تھا اور حادثے کا شکار ہونے والے طیارے پر دس بچوں سمیت 184 مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے۔

بھارتی مسافر طیارہ احمد آباد ایئر پورٹ کے قریب رہائشی علاقے پر گر کر تباہ،133 مسافر ہلاک

ایئر انڈیا کی حادثے کی تصدیق

ایئر انڈیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلائٹ نمبر اے آئی 171 جو احمد آباد سے لندن (گیٹوک )جا رہی تھی، آج ایک حادثے کا شکار ہوئی،ہم صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور جلد مزید معلومات فراہم کریں گے۔

حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقاتی ٹیم متحرک کر دی گئی ہے۔ ڈی جی سی اے، اے ڈی اے ڈبلیو، اور ایف او آئی کے نمائندے پہلے ہی احمد آباد میں موجود تھے اور اب تفصیلات اکھٹی کر رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button