ایران کے اسرائیل پر تازہ حملے، سو سے زائد بیلسٹک میزائل داغ دیئے
ایران کے تازہ حملوں میں 8 سے زائد اسرائیلی ہلاک جبکہ 70 سے ائد زخمی ہوئے

ایران نے اسرائیل پر ایک اور حملہ کر دیا ، حملے میں سو سے زائد بیلسٹک میزائل فائر کئے گئے۔ ایرانی میزائلوں نے اسرائیل کے بڑے شہروں میں تباہی مچا دی ، حیفہ اور دیگر شہروں میں ایرانی میزائل حملوں میں بجلی کا نظام تباہ ہو گیا۔ اسرائیل کے بڑے شہر اندھیرے میں ڈوب گئے۔
رپورٹ کے مطابق ایران کے تازہ حملوں میں 8 سے زائد اسرائیلی ہلاک جبکہ 70 سے ائد زخمی ہوئے ، اب تک 25 سے زائد اسرائیلی ہلاک اور تقریباً 450 زخمی ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب ایرانی میں بھی اسرائیل کی جانب سے کئے گئے حملوں میں 224 شہری شہید جبکہ متعدد شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
امریکی نمائندہ مائیک ہلبی نے بتایا کہ تل ابیب میں واقع امریکی سفارتخانے کو بھی ایرانی میزائلوں سے نقصان پہنچا ہے لہٰذا میزائل براہ راست سفارتخانے سے نہیں ٹکرائے لیکن جہاں گرے ہیں اس کے قریب کی سفارتخانہ موجود تھا جس کے باعث عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کوئی بھی امریکی اہلکار ہلاک یا زخمی نہیں ہوا اور فی الحال تل ابیب اور یروشلم میں امریکی سفارتخانے اور قونصل خانے عارضی طور پر بند کر دیئے گئے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی قومی سلامتی کے مشیر نے ایران پر حملے کے مقاصد پورے نہ ہونے کا اعتراف کر لیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر حملے کے مقاصد پورے نہیں ہو سکے، موجودہ جنگ سے ایرانی خطرہ پوری طرح ختم نہیں ہو سکتااور ایران کے پاس اب بھی ہزاروں بیلسٹک میزائل موجود ہیں۔
انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایران مزید میزائل داغنا چاہتا ہے ، امریکی صدر ٹرمپ ہی ایران کو جوہری پروگرام تک کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔
"میزائل واپس اڈے پر جاگرے”
ویڈیو مناظر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نقب کے علاقے میں اسرائیلی نیفاتیم ایئر بیس پر دفاعی نظام کی ناکامی کی وجہ سے فوجی اڈے میں دھماکے ہو رہے ہیں- اطلاعات کے مطابق یہ سسٹم کی ناکامی تھی کہ میزائل داغے جانے کے چند ہی لمحوں بعد اڈے پر واپس جا گرے- pic.twitter.com/ZM4rmbhubO
— Amir H. Qureshi (@AmirHQureshi) June 16, 2025
اسرائیل اور ایران کی حکومتوں نے اپنے اپنے شہریوں کے لیے نئی احتیاطی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ محفوظ علاقوں کی طرف منتقل ہو جائیں، یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ لڑائی میں مزید تیزی آئے گی، رات بھر اسرائیل اور ایران ایک دوسرے پر حملے کرتے رہے جس میں نقصانات کی متضاد اطلاعات آ رہی ہیں، اسرائیلی وزیر دفاع نے پھر دھمکی دی ہے کہ تہران میں رہنے والے جلد قیمت چکائیں گے جبکہ ایران نے اسرائیلی قابض افواج و آباد کاروں کو پیغام دیا ہے کہ وہ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں سے نکل جائیں۔
ایرانی میزائل اسرائیلی کے دفاعی نظام سے بچتے ہوئے شہروں کے اندر تک گئے اور کئی عمارتوں سے ٹکرائے، اسرائیل کے متعدد شہر دھماکوں سے گونج اٹھے، مقبوضہ بیت المقدس میں بھی میزائل گرے، اسرائیل کا شہر حیفہ دھماکوں سے گونج اٹھا، حیفہ پاور پلانٹ میں ایرانی میزائل حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، ایران نے ایلات پر بھی میزائل داغے، تل ابیب میں بھی درجنوں میزائل داغے گئے۔
اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کے مطابق شمالی اور وسطی اسرائیل میں میزائل اور ان کے ٹکڑے گرنے سے کم از کم 67 افراد زخمی ہو گئے۔
علاوہ ازیں ایرانی فوج نے کہا ہے کہ اسرائیل کا کوئی کونا رہنے کے قابل نہیں چھوڑیں گے، اسرائیلی آبادکار مقبوضہ علاقے فوری خالی کردیں۔
اسرائیل نے ایران پر تازہ حملے کئے جس کے بعد ایران نے بھی بھرپور جوابی وار کئے، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ وسطی ایران میں میزائل سائٹس پر حملے کررہے ہیں، ایران نے بھی بھر پور جوابی وار کرتے ہوئے اسرائیل کے متعدد مقامات پر تازہ حملے کئے، حیفہ میں ایرانی میزائل حملے سے متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔
اسرائیل نے ایرانی وزارت داخلہ اور تہران کے اہم اضلاع پر میزائل حملے کئے ، دو بڑے اسرائیلی پروجیکٹائل نے تہران کے وسطی علاقے کو نشانہ بنایا، جس سے مین واٹر پائپ لائن کو شدید نقصان پہنچا۔

ایران کے حملوں سے تل ابیب میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا جس میں 15افراد زخمی ہوگئے، ایران نے اسرائیل کے بن گورین ایئر پورٹ پر میزائل حملے کا دعویٰ کیا ہے، ایک میزائل نے وزیراعظم نیتن یاہو کے آبائی گھر کو بھی نشانہ بنایا۔
اسرائیلی حکومت نے ملک بھر میں ہنگامی صورتحال میں 30 جون تک توسیع کر دی، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے تل ابیب میں تباہ حال علاقوں کا دورہ کیا۔
ایران نے بتایا ہے کہ اسرائیل نے ایرانی وزارتِ خارجہ کی عمارت پر جان بوجھ کر حملہ کیا ہے جس میں کئی شہری زخمی ہوئے ہیں۔
ایران نے کہا ہے کہ اس نے تہران میں واقع وزارتِ خارجہ کی ایک عمارت کو جان بوجھ کر اور سفاکانہ انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کئی عام شہری زخمی ہو گئے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک حملے کی ویڈیوجاری کی اور ساتھ لکھا کہ صہیونی حکومت نے ایران کی وزارت خارجہ کی ایک عمارت پر ایک منصوبہ بند اور سفاکانہ حملہ کیا ہے جو انسٹیٹیوٹ فار پولیٹیکل اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے بالکل سامنے واقع ہے۔
اسرائیل کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کے شہر مشہد حملہ کر دیا گیا جس میں ری فیولنگ جہاز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں کے بعد مشہد میں امام علی رضا کے روضے کے عقب سے دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیئے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے درجنوں جنگی طیاروں نے ایران میں 80 اہداف کو نشانہ بنایا۔
اسرائیل کے تہران پر حملے میں پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس چیف محمد کاظمی اور ان کے نائب جنرل حسن محقق شہید ہوگئے۔
پاسداران انقلاب نے شہادتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس کے علاوہ جنرل محسن باقری بھی اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے ہیں، واضح رہے کہ جنرل کاظمی کو 2022ء میں ایرانی سپاہ پاسداران کا انٹیلی جنس چیف مقرر کیا گیا تھا۔
ایرانی حکام نے ان شہادتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایران کی سلامتی اور خودمختاری پر حملہ قرار دیا ہے، پاسدران انقلاب کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اسرائیلی حکومت کے حمایتی یہ جان لیں کہ اسرائیل کے خلاف مؤثر اور ہدف شدہ کارروائیاں اس کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔