فلم "لو گُرُو” کا نیا گانا "دل توڑن والیا” ریلیز
یہ فلم عید الاضحیٰ پر سینما گھروں کی زینت بنے گی

اداکار ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی آنے والی رومانٹک فلم "لو گُرُو” کا نیا گیت "دل توڑن والیا” منظرِ عام پر آ گیا ہے، جسے یوٹیوب پر ریلیز ہوتے ہی ہزاروں افراد نے دیکھ لیا۔
یہ فلم عید الاضحیٰ پر سینما گھروں کی زینت بنے گی، جب کہ اس سے قبل فلم کا ٹریلر اور پہلا گانا "آ تینوں موج کراواں” شائقین کے لیے جاری کیا جا چکا ہے۔
اب فلم کے مرکزی گانے "دل توڑن والیا” کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں نہ صرف ماہرہ اور ہمایوں کی جھلک نظر آتی ہے بلکہ دیگر کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے۔ ماہرہ خان کو اس گانے میں ایک بے باک اور جدید انداز میں پیش کیا گیا ہے، جب کہ ہمایوں سعید اور ان کے ساتھیوں کو اداکارہ کی جاسوسی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یہ گانا عدنان ڈھول اور فارس شفیع کی آواز میں ہے، شاعری عدنان ڈھول نے لکھی ہے جب کہ ریپ حصے کے بول فارش شفیع نے تحریر کیے ہیں۔ موسیقی کی ترتیب بھی عدنان ڈھول کے ہاتھوں ہوئی ہے۔
ویڈیو 23 مئی کو یوٹیوب پر جاری کی گئی، اور کچھ ہی گھنٹوں میں اسے ہزاروں بار دیکھا جا چکا تھا۔ سوشل میڈیا پر بھی یہ گانا تیزی سے ٹرینڈنگ میں آ گیا ہے۔
اس سے قبل فلم کا پہلا گانا "آ تینوں موج کراواں” شائع ہوا تھا، جسے عارف لوہار اور فضا علی نے گایا اور جس میں ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کو رقص کرتے ہوئے دکھایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فلم ’لو گُرُو‘ کا ٹریلر پہلی بار ٹائمز اسکوائر کی اسکرینز پر
فلم کے ٹریلر سے مکمل کہانی کا اندازہ تو نہیں ہوتا، تاہم یہ ضرور پتہ چلتا ہے کہ ہمایوں سعید ایک دل پھینک عاشق کا کردار ادا کر رہے ہیں جو بعد میں ماہرہ خان کے والد (جاوید شیخ) کی جانب سے ایک اہم ذمہ داری ملنے پر حقیقی محبت کی راہ پر آ نکلتے ہیں۔
فلم کی شوٹنگ لندن میں کی گئی ہے، جہاں ماہرہ خان کو ایک فنونِ لطیفہ کی شوقین اور بولڈ شخصیت کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جب کہ ہمایوں سعید لندن میں لڑکیوں کو متاثر کرنے والے ایک لاپروا عاشق کے روپ میں نظر آئیں گے۔
"لو گُرُو” کی کہانی واسع چوہدری نے لکھی ہے، ہدایتکاری کے فرائض ندیم بیگ نے انجام دیے ہیں اور اسے ہمایوں سعید اور دیگر پروڈیوسرز نے اے آر وائے فلمز کے بینر تلے پروڈیوس کیا ہے۔
فلم میں رومانوی مناظر کے ساتھ ساتھ پشتون اور پنجابی کلچر پر مبنی مزاحیہ عناصر بھی شامل کیے گئے ہیں۔