پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب نے جدید ماڈل ویلج پروجیکٹ کی منظوری دے دی

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کو اس منصوبے کی نگرانی اور عملی نفاذ کی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جدید ماڈل ویلج پروجیکٹ کے تحت 2 ہزار 4 سو دیہاتوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ ماڈل ویلجز میں تبدیل کرنے کی منظوری دے دی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے کے دیہی علاقوں کی تقدیر بدلنے کیلئے ماڈل ویلج پروجیکٹ کی منظوری دی جبکہ وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کو اس منصوبے کی نگرانی اور عملی نفاذ کی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماڈل ویلجز میں عالمی معیار کے مطابق صفائی و ستھرائی، پختہ گلیوں کی تعمیر اور واٹر سپلائی لائنز کے علاوہ پینے کے صاف پانی کی فرہامی سمیت دیگر سہولیات کی فراہم کی جائیں گی، اس کے علاوہ ان سہولیات میں جدید سینیٹیشن نظام اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق منصوبہ مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا ، یہ منصوبہ نہ صرف دیہی علاقوں بلکہ مقامی معیشت، صحت ، صفائی و ستھرائی اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔پنجاب حکومت کا 60 فیصد سے زائد دیہاتوں کو جدید ماڈل ویلجز میں تبدیل کرنے کا ہدف ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے 8 سو دیہاتوں کو ماڈل ویلجز بنانے کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے فنڈز فراہم کئے جائیں گے جبکہ باقی 16 سو دیہاتوں کے لئے ورلڈ بینک سے مالی ماونت حاصل کی جائے گی۔

اس منصوبے کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں باقاعدہ فنڈز مختص کئے جائیں گے۔

یاد رہے کہ پنجاب کا آئندہ مالی سال2025-26ا بجٹ 13جون کو پیش کیا جائے گا۔

محکمہ خزانہ نے بجٹ اجلاس طلب کرنے کی سمری ارسال کر دی، محکمہ قانون پنجاب نے 13جون کو بجٹ اجلاس کی تصدیق کر دی ۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کا امکان ہے جبکہ بجٹ میں ٹیکس کی شرح میں بھی اضافہ نہیں کیا جا رہا۔

ذرائع نے بتایا کہ بجٹ میں تعلیم، صحت اور ٹورازم پر خاص توجہ دی گئی ہے، تعلیم کے بجٹ میں پچھلے سال کے مقابلے میں 110ارب روپے زیادہ رکھے جائیں گے اور صحت کے بجٹ میں 90ارب روپے زیادہ رکھے جائیں گے، اسی طرح ٹورازم کے بجٹ میں 600فیصد سے زائد اضافہ کیا جا رہا ہے اور ٹورازم کے بجٹ میں 35ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تہزیبوں کے درمیان مکالمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ تہذیبوں کے درمیان مکالمہ ہی امن، ترقی اور انسانیت کا راستہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ احترام و برداشت کا کلچر جنگ و نفرت کا مثر جواب ہے، پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو ہمیشہ مکالمے، رواداری اور باہمی احترام کا داعی رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ہم سب کو مکالمے کی روح سمجھنا ہوگا اوراختلاف کو دشمنی سمجھنے کا رویہ ترک کرنا ہوگا، سرزمین فلسطین اور کشمیرمیں جاری مظالم کا واحد پائیدار حل بامعنی ڈائیلاگ سے ہی ممکن ہے، بین الاقوامی برادری کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا ہم بچوں کی لاشیں اٹھاتے رہیں گے یا بات چیت سے امن کا راستہ چنیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button