کراچی: آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہے، تاہم ایک بار پھر تکمیل کی مدت میں توسیع کرتے ہوئے 31 جنوری تک کام مکمل کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے جنرل منیجر ارشد خان اور پروجیکٹ منیجر محمد بلال چوہان نے میڈیا بریفنگ میں یقین دہانی کروائی کہ آئی سی سی کے اس میگا ایونٹ کے لیے تعمیراتی کام بروقت مکمل کر لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے پہلے مرحلے کو پہلے 15 دسمبر اور پھر 31 دسمبر تک مکمل کرنے کی تاریخ دی گئی تھی، جسے بعد ازاں 25 جنوری تک بڑھایا گیا۔ اب حکام نے بتایا ہے کہ اس کام کی فنشنگ 31 جنوری تک مکمل ہو جائے گی اور نیشنل اسٹیڈیم میزبانی کے لیے پوری طرح تیار ہوگا۔
میڈیا بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت گورننگ بورڈ کے اجلاس میں اس منصوبے کی منظوری دی گئی، جس کے بعد 22 اکتوبر کو کام کا آغاز کیا گیا۔ 90 دن کے اندر تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے، البتہ کچھ فنشنگ کا کام باقی ہے، جو 31 جنوری تک ختم کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کبریٰ خان نے فروری میں اپنی شادی کے حوالے سے خبروں کی تصدیق کر دی
نئی 5 منزلہ عمارت کا انفرا اسٹرکچر مکمل ہو چکا ہے۔ گراونڈ فلور پر آئی سی سی کے اینٹی کرپشن اور اینٹی ڈوپنگ یونٹس کے ساتھ فزیو اور میچ آفیشلز کے کمرے تیار کر لیے گئے ہیں۔ دوسری منزل پر دونوں ٹیموں کے لیے جدید ڈریسنگ رومز کا کام آخری مراحل میں ہے۔ تیسری اور چوتھی منزل پر 24 جدید ہاسپٹیلٹی باکسز تیار کیے جا رہے ہیں، جہاں ایک ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ پانچویں منزل پر چیئرمین باکسز اور ایڈمن بلاک کی تعمیر بھی بروقت مکمل ہو رہی ہے۔
عمارت کے اطراف میں وی وی آئی پی پویلینز بنائے جا رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کے لیے میدان میں داخل ہونے اور باہر جانے کے لیے عالمی معیار کا جدید راستہ بھی تیار کیا جا رہا ہے۔
میچز کے دوران، دونوں ٹیموں کے لیے گیٹ نمبر 11 سے اسٹیڈیم میں داخل ہونے کا انتظام ہوگا، جبکہ ہر فلور کا علیحدہ راستہ ہوگا۔ مہمانوں کے لیے جدید لفٹ نصب کی جا رہی ہے، اور نئے ڈائننگ ہالز بھی تکمیل کے قریب ہیں۔
نئی عمارت کے سامنے پیٹرنز انکلوژر بنایا جا رہا ہے، جہاں اہم شخصیات میچ سے لطف اندوز ہو سکیں گی۔ اس کے علاوہ ڈگ آؤٹ اور کیمروں کے لیے اسٹیل کے بھاری اسٹینڈز بھی تیار کیے جا رہے ہیں۔ گراونڈ کی حفاظتی ضروریات کے تحت 10 فٹ بلند نوکیلے آہنی جنگلے کی تنصیب بھی مکمل ہونے والی ہے۔