لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے لیے انگلینڈ کے لیجنڈری فاسٹ بولر ڈیرن گف کو بطور ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔
ڈیرن گف پہلے بھی گلوبل سپر لیگ 2024 میں لاہور قلندرز کے ساتھ ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی کوچنگ میں قلندرز نے افتتاحی ایڈیشن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
54 سالہ ڈیرن گف کا شمار انگلینڈ کے کامیاب ترین فاسٹ بولرز میں ہوتا ہے، جنہوں نے 1994 سے 2006 تک انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔ وہ انگلینڈ کے باؤلنگ کنسلٹنٹ اور یارکشائر کرکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔
ڈیرن گف نے کہا کہ وہ دوبارہ لاہور قلندرز کے ساتھ منسلک ہونے پر بہت خوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا، "لاہور قلندرز کا جذبہ اور شائقین کا جنون بے مثال ہے۔ پی ایس ایل ایک شاندار پلیٹ فارم ہے اور میں قلندرز کو اس سیزن میں کامیابی کی نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرجوش ہوں۔” انہوں نے اس بات پر اعتماد ظاہر کیا کہ ٹیم سخت محنت سے شائقین کی امیدوں پر پورا اترے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا سہ فریقی سیریز ملتان سے لاہور اور کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ
ٹیم ڈائریکٹر ثمین رانا نے ڈیرن گف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا، "ڈیرن گف ایک زبردست لیڈر ہیں جو لاہور قلندرز کی ثقافت اور روح کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ گلوبل سپر لیگ میں ان کی خدمات نے ٹیم کو بہت فائدہ پہنچایا، اور ہم پی ایس ایل 10 میں ان کی قیادت میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔”
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ قلندرز کے سابق ہیڈ کوچ عاقب جاوید، پاکستان کرکٹ ٹیم میں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے باعث کوچنگ سے دستبردار ہو گئے ہیں۔