انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے، جس میں پاکستانی بلے باز بابراعظم نے 5 درجے ترقی حاصل کر کے 12ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے، جبکہ سعود شکیل 6 درجے تنزلی کے بعد 11ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
کھیلوں کی ویب سائٹ کرکٹ انفو کے مطابق آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر اسکاٹ بولینڈ نے بھارت کے خلاف بورڈر گواسکر ٹرافی میں شاندار کارکردگی دکھائی اور پہلی بار ٹیسٹ باؤلنگ رینکنگ میں ٹاپ 10 میں شامل ہوگئے ہیں۔
اسکاٹ بولینڈ نے آخری ٹیسٹ میں 10 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کی اس شاندار کارکردگی کے باعث وہ 29 درجے ترقی کے ساتھ نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
بھارتی باؤلر جسپریت بمراہ، جو اس سیریز میں 32 وکٹیں حاصل کر کے مین آف دی سیریز رہے، بدستور پہلی پوزیشن پر قابض ہیں۔ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز دوسرے اور جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ کے مارکو جانسن نے پاکستان کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد ٹاپ 5 میں جگہ بنالی ہے، جبکہ آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر جوش ہیزل ووڈ ٹاپ تھری سے باہر ہوگئے ہیں۔
ٹمبا باووما، ریشبھ پانٹ اور بابر اعظم کی نمایاں ترقی
پاکستان کے خلاف سنچری اسکور کرنے والے جنوبی افریقی کپتان ٹمبا باووما کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے والے بھارتی وکٹ کیپر بلے باز ریشبھ پانٹ 3 درجے ترقی کے بعد 9ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
انگلینڈ کے جو روٹ بدستور پہلی پوزیشن پر قابض ہیں، جبکہ ان کے ساتھی کھلاڑی ہیری بروک دوسرے نمبر پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے اور بھارت کے یشوی جیسوال چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد بیمار رہا، اب چیمپئنز ٹرافی کے لیے تیار ہوں: فخر زمان
پاکستان کے بلے باز بابر اعظم 58 اور 81 رنز کی اننگز کھیل کر ٹاپ 10 کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ دوسری جانب، محمد رضوان بھی 2 درجے ترقی کے بعد 19ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹیسٹ باؤلنگ رینکنگ میں پاکستان کے اسپنر نعمان علی دو درجے تنزلی کے بعد 11ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔