ہر روز نیا چیلنج، سرکاری ہسپتالوں میں دوائیں چوری ہو رہی ہیں،مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا لاہور میں ہیلتھ کلینک کی افتتاحی تقریب سے خطاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہر روز نئے چیلنجز کا سامنا ہے، سرکاری ہسپتالوں سے دوائیں چوری ہونے کی شکایات ہیں اور مریضوں کے ٹیسٹ بھی باہر سے کرائے جاتے ہیں۔

لاہور میں ہیلتھ کلینک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کلینک کے اجرا پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ جب سے حلف اٹھایا ہے ہر روز ایک نیا چیلنج ہوتا ہے، سرکاری ہسپتالوں سے دوائیں بھی چوری ہوتی ہیں اور ٹیسٹ بھی باہر سے کرائے جاتے ہیں، اب کینسراورہیپاٹائٹس کی مفت ادویات گھروں میں فراہم کی جارہی ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کی 14 سے 15 کروڑ عوام کے لیے صحت کی سہولتیں فراہم کرنا انہیں راتوں کی نیند چین سے محروم کر دیتا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ موجودہ سہولتیں وہ نہیں جو ہونی چاہئیں، اور مسائل کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ جب سے انہوں نے حلف اٹھایا ہے، سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے دور میں ہسپتالوں میں ملنے والی مفت ادویات کی فراہمی میں 90 فیصد سے 30 فیصد کمی آئی تھی، جس کے نتیجے میں لوگوں کو مفت دوائیاں فراہم کرنا بند کر دیا گیا تھا۔ لیکن اب وہ شہباز شریف کی روایت کو دوبارہ زندہ کر رہی ہیں اور ہسپتالوں میں دوائیں اسی حساب سے فراہم کی جا رہی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ہمارا قومی المیہ یہ ہے کہ ہم اپنے کاموں کو خدمت اور ذمہ داری سمجھ کر نہیں کرتے، بلکہ اکثر لوگ صرف وقت گزارنے کے لیے ڈیوٹی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں کام کرنے والوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ان کی زندگی کا واحد مقصد خدمت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں غریب کی دوائیاں بھی چوری ہو جاتی ہیں اور سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں سے کہا جاتا ہے کہ اپنے ٹیسٹ باہر کروا لیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی سیکیورٹی بھی آؤٹ سورس کی جاتی ہے، اور سیکیورٹی اہلکار مریضوں سے داخلے کے پیسے وصول کرتے ہیں، جو ایک ناقابل فہم عمل ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ لاہور کے دو تین ہسپتالوں میں انہوں نے اپنے آفیسرز تعینات کیے ہیں تاکہ وہ سہولتوں کا جائزہ لے سکیں۔ ہسپتالوں میں ہیلتھ ڈیسک کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اور چیف منسٹر کمپلینٹ ڈیسک بھی قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ مریضوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا بڑا اقدام: مریم نواز کا قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کا اعلان

مریم نواز نے کہا کہ تبدیلی ایک رات میں نہیں آتی، اور ان کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ ہسپتالوں کی کمی ہے، اس لیے موبائل ہیلتھ کلینک شروع کیے گئے ہیں جن کے ذریعے 70 لاکھ سے زائد افراد کا علاج ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ، فری ہوم ڈیلیوری سروس بھی شروع کی گئی ہے، اور کوشش ہے کہ کینسر، ہیپاٹائٹس، اور دل کے امراض کی دوائیں ایک لاکھ افراد تک پہنچائی جائیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چین کے دورے میں کینسر کے جدید طریقے سے علاج کی معلومات حاصل کی ہیں اور یہ طریقہ پاکستان لانا ان کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال تیزی سے تعمیر ہو رہا ہے اور سرگودھا ڈویژن میں امراض قلب کا کوئی سرکاری ہسپتال نہیں تھا، لیکن چند ماہ قبل نواز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کی تعمیر کا آغاز کیا گیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں 2,500 بنیادی صحت سہولت مراکز ہیں، جن میں سے 1,250 یونٹس کی تزئین و آرائش اس ماہ کی جائے گی، اور 904 یونٹس پر کام جاری ہے۔

Exit mobile version