حکومت کا فضائی آلودگی اور دھول مٹی سے نمٹنے کیلئے جدید اقدامات کا فیصلہ

لاہور میں اسموگ کے خاتمے کے لیے 1500 مقامات پر واٹر اسپرنکل سسٹم نصب کرنے کا حکم

لاہور: فضائی آلودگی اور دھول مٹی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے پنجاب حکومت نے جدید اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے 1500 سے زائد تعمیراتی مقامات پر پانی کے چھڑکاؤ کے نظام کی فوری تنصیب کا حکم جاری کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ‘سی اینڈ ڈبلیو’ اور ‘ایل ڈی اے’ کو ہدایت دی ہے کہ تعمیراتی منصوبوں پر جدید واٹر اسپرنکل سسٹم فوری طور پر نصب کیا جائے تاکہ دھول اور مٹی کو اڑنے سے روکا جا سکے۔

مزید برآں، وزیراعلیٰ نے 15 جنوری تک قذافی اسٹیڈیم میں واٹر اسپرنکل سسٹم کی تنصیب کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تعمیراتی مقامات کو سیمنٹ، مٹی اور دھول کے پھیلاؤ سے بچانے کے لیے سبز کپڑے سے ڈھانپنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت توشہ خانہ ٹو کیس کو مزید انکوائری کا کیس قرار دیدیا

ذرائع کے مطابق حکومت نے خبردار کیا ہے کہ 10 فروری کے بعد اگر کسی تعمیراتی مقام پر پانی کے چھڑکاؤ کے طریقہ کار پر عمل نہ کیا گیا تو متعلقہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور مقدمات درج ہوں گے۔

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ واٹر اسپرنکلرز اور مسٹ سسٹم کے ذریعے اسموگ کے مسئلے کو کم کرنے میں نمایاں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی بہتری کے لیے جدید مشینری اور مؤثر طریقوں کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے۔

Exit mobile version