پنجاب حکومت کا بڑا اقدام: مریم نواز کا قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کا اعلان

سرکاری زمینوں کی واپسی کے عمل میں کسی قسم کے دباؤ یا سیاسی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لایا جائے، مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں سرکاری زمینوں پر قابض مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا حکم دے دیا۔

مریم نواز نے واضح ہدایات جاری کیں کہ سرکاری زمینوں کی واپسی کے عمل میں کسی قسم کے دباؤ یا سیاسی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایات کے تحت محکمہ جنگلات نے پولیس کے تعاون سے تحصیل خانپور میں ایک اہم کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 90 ایکڑ سرکاری اراضی قابضین سے واگزار کروا لی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں موبائل چھیننے کی کوشش میں نوجوان قتل

کارروائی کے دوران قبضہ مافیا نے محکمہ جنگلات کی ٹیم پر حملہ کرتے ہوئے نقدی اور موبائل فون چھین لیے، سرکاری گاڑی کو آگ لگانے کی کوشش کی اور ٹریکٹر کی بیٹری بھی نکال لی۔

پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے بااثر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کامیاب آپریشن پر محکمہ جنگلات اور پولیس ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری زمینوں کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ جنگلات کی تمام اراضی ہر صورت واپس لی جائے گی اور عوام کے تعاون سے یہ آپریشن کامیاب ہوگا۔

Exit mobile version