کراچی میں نادرا کے میگا سینٹرز میں پاسپورٹ کے لیے کاؤنٹرز قائم

کراچی کے شہری اب نادرا کے میگا سینٹرز سے پاسپورٹ حاصل کر سکیں گے

کراچی میں نادرا کے میگا سینٹرز میں پاسپورٹ کے لیے کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد شہری اب شناختی کارڈ کے ساتھ ساتھ پاسپورٹ بھی ان سینٹرز سے حاصل کر سکیں گے۔

کراچی کے رہائشیوں کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ اب انہیں پاسپورٹ بنانے کے لیے صدر یا عوامی مرکز جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ نادرا کے میگا سینٹرز میں پاسپورٹ کے دفاتر قائم کر دیے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ نے نادرا کے دو میگا سینٹرز میں پاسپورٹ دفاتر کی منظوری دی ہے، جن میں نارتھ ناظم آباد اور سائٹ ایریا کے میگا سینٹرز شامل ہیں۔ پہلے مرحلے میں نارتھ ناظم آباد اور سائٹ ایریا میں پاسپورٹ کاؤنٹرز نے کام شروع کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا فضائی آلودگی اور دھول مٹی سے نمٹنے کیلئے جدید اقدامات کا فیصلہ

کراچی کے شہری اب نارتھ ناظم آباد اور سائٹ ایریا کے میگا سینٹرز میں موجود پاسپورٹ آفسز سے اپنا پاسپورٹ بنوا سکیں گے۔ گزشتہ روز سے ان میگا سینٹرز میں پاسپورٹ دفاتر کی خدمات شروع کر دی گئی ہیں اور شہری اب بغیر کسی مشکل کے پاسپورٹ کے حوالے سے تمام کام ان دفاتر سے کروا سکیں گے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ بہت اچھا اقدام ہے، کیونکہ پہلے صدر یا شارع فیصل جانا پڑتا تھا، مگر اب یہ تمام کام نزدیکی میگا سینٹرز سے ہو سکے گا۔ تاہم، شہریوں نے انتظامیہ سے نادرا کے کاؤنٹرز کی تعداد بڑھانے کی درخواست کی ہے۔

واضح رہے کہ نادرا کے میگا سینٹرز میں پاسپورٹ دفاتر 24 گھنٹے فعال رہیں گے۔

 

Exit mobile version