کراچی ایئرپورٹ پر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

ٹائر پھٹنے کی زور دار آواز نے خوف و ہراس پھیلا دیا

کراچی: کراچی ایئرپورٹ پر ایک تربیتی طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا، جب اس کے ٹائر پھٹنے کی زور دار آواز نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث ایئرپورٹ کے جیولیٹ ٹیکسی وے پر یہ واقعہ پیش آیا۔ رن وے کی جانب بڑھتے ہوئے تربیتی طیارے کا ٹائر لوہے کے ٹکڑے سے ٹکرا کر پھٹ گیا۔ تاہم، پائلٹ نے کمال مہارت اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایمرجنسی بریک لگا کر طیارے کو قابو میں رکھا اور ایک ممکنہ بڑے حادثے کو ٹال دیا۔

رپورٹ کے مطابق یہ تربیتی طیارہ اڑان بھرنے کے لیے ٹیکسی وے سے رن وے کی طرف جا رہا تھا کہ اچانک زور دار دھماکے جیسی آواز سنائی دی۔ اس واقعے کے نتیجے میں نجی ایوی ایشن کمپنی کے طیارے کو ٹائر کی مد میں پانچ لاکھ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: نیو یارک: ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لیے انقلابی منصوبہ شروع

واقعے کے بارے میں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو باقاعدہ تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

Exit mobile version