جب عمران نے باہر آنا ہوا تو فجر کے وقت جیل کا دروازہ کھل جائے گا: علیمہ خان

بانی پی ٹی آئی نے ایک ٹوئٹ کیا جس کی وجہ سے مذاکرات بند ہو سکتے ہیں

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ جب عمران خان نے باہر آنا ہوا تو ان شاءاللہ فجر کے وقت جیل کا دروازہ کھل جائے گا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ حکومتی اراکین کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ایک ٹوئٹ کیا جس کی وجہ سے مذاکرات بند ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب حکومت چاہتی ہے تو صبح 7 بجے بھی جیل کے دروازے کھل جاتے ہیں اور رات کو ملاقاتیں بھی ممکن ہو جاتی ہیں۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ جب بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا وقت ہوگا تو ان شاء اللہ فجر کے وقت جیل کا دروازہ کھلے گا۔ عمران خان نے مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کے حوالے سے پہلے ہی جیل حکام کے منع کرنے کی اطلاع دے دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے حمایتی کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں ،رانا ثنااللہ

انہوں نے یہ بھی کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس ہائیکورٹ میں جائے گا تو دنیا کو علم ہوگا کہ یہ کیس محض ایک مذاق ہے۔ ان کے مطابق بشریٰ بی بی نے پچھلی سماعت میں عدالت کو آگاہ کر دیا تھا کہ وہ آئندہ سماعت میں پیش نہیں ہوں گی۔ علیمہ خان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ عمران خان تمام کیسز سے بری ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان پہلے دن سے کہتے آ رہے ہیں کہ وہ تمام مقدمات سے بری ہو کر نکلیں گے اور وہ آج بھی اپنی بات پر قائم ہیں کہ عدالتوں میں پیش ہو کر مقدمات کا سامنا کریں گے۔ ان کے وکیل سلمان اکرم راجہ وہی موقف پیش کریں گے جو عمران خان کا ہے۔ علیمہ خان نے کہا کہ پارٹی 8 فروری سے عمران خان کے ساتھ ہے اور کسی بھی بیرونی دباؤ میں نہیں آئے گی۔

Exit mobile version