اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے منسلک افراد کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی جماعت میں جہاں لوگ ایک دوسرے کے خلاف سازشیں کر رہے ہوں، وہاں سے کیا توقع کی جا سکتی ہے؟ یہ لوگ نہ صرف آپس میں لڑتے ہیں بلکہ دوسری جماعتوں سے بھی متصادم ہیں۔
پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ عمران خان سے منسلک افراد جان بوجھ کر ان پر ظلم کی باتیں کر رہے ہیں اور ان کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کا ذکر کیا جس میں علیمہ خان پی ٹی آئی سوشل میڈیا آپریٹر احسن خان سے بات کر رہی تھیں اور مشال یوسفزئی سے متعلق گفتگو کی جا رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکسز کاروبار میں رکاوٹ، مگر آئی ایم ایف اہداف پورے کرنا ہونگے،وزیراعظم
رانا ثنااللہ نے اس ویڈیو کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میں یہ بتایا گیا کہ عمران خان کو جیل میں کسی بھی قسم کی سہولت کی بات نہیں کرنی چاہیے، ورنہ ان کے سیاسی بیانیے کو نقصان پہنچے گا۔ ویڈیو سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ جیل میں ان پر مظالم کا پروپیگنڈہ جان بوجھ کر کیا جا رہا تھا تاکہ عوام کو یہ تاثر دیا جا سکے کہ وہاں حکومت کی طرف سے ظلم ہو رہا ہے۔
رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ علیمہ خان نے ایک موقع پر کہا تھا کہ عمران خان کو جیل میں زہر دینے کی بات ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں اس کے ساتھ ساتھ عمران خان کے جیل میں رہنے سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی بات بھی کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کو جیل میں تمام سہولتیں مینوئل کے مطابق فراہم کی جا رہی ہیں اور حکومت نے پی ٹی آئی کے جھوٹے دعوؤں کو پہلے بھی تردید کی ہے۔
مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کی آپس کی سازشوں سے واضح ہے کہ اس جماعت میں عدم استحکام ہے اور وہ حکومت مخالف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں تاکہ ملک میں سیاسی اور معاشی عدم استحکام پیدا ہو۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت میں شامل شرپسند عناصر مذاکرات کو سبوتاژ کرنے میں مصروف ہیں،فیصل چوہدری
رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت نے ماضی کی مشکلات پر قابو پایا ہے اور معاشی بہتری کی جانب قدم بڑھایا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 26 نومبر کے احتجاج میں ہلاکتوں کا جھوٹا بیانیہ بنایا گیا تھا جس کا کوئی ثبوت آج تک پیش نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے کہیں سے دباؤ نہیں آ رہا، صرف ان کے سوشل میڈیا بیانات کا پروپیگنڈہ چل رہا ہے۔ پی ٹی آئی سے مذاکرات کے بارے میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت مذاکرات کے لیے تیار تھی اور وزیراعظم نے تمام اتحادیوں کو مذاکراتی کمیٹی میں شامل کیا تھا۔