پشاور: تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی تیسری نشست تک تمام فریقین کو صبر و تحمل سے کام لینا چاہیے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ اگر عمران خان سے مذاکراتی ٹیم کو ملاقات کا موقع نہیں دیا جا رہا، تب بھی مذاکراتی عمل جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر غصہ کرنے یا بیانات دینے سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ ایسے رویے مذاکرات کے ماحول کو خراب کر سکتے ہیں۔
شیر افضل مروت کا مزید کہنا تھا کہ تحریری مطالبات کو انا کا مسئلہ بنایا گیا تھا، تاہم بانی تحریک انصاف نے اس معاملے میں کافی لچک کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ ہم مذاکرات کر رہے ہیں اور اگر ہمارے مطالبات تحریری طور پر دینے کی ضرورت ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری حج سکیم کے تحت حج کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری
انہوں نے عدالتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹرائل کورٹ کی سزائیں اب معمول بن چکی ہیں اور احتساب عدالت کے فیصلے ہماری سیاسی جدوجہد پر کوئی اثر نہیں ڈال سکتے۔ ان کیسز کا انجام سب کو معلوم ہے۔
یاد رہے کہ اپوزیشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے دو ادوار ہو چکے ہیں، جن میں حکومتی کمیٹی نے اپوزیشن سے تحریری مطالبات فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔