لکی مروت: فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے ضلع لکی مروت کے علاقے کبل خیل میں 17 سویلین ورکرز کو اغوا کر لیا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 8 مغوی ورکرز کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق آج فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے کبل خیل میں واقع علاقے سے 17 نہتے سویلین ورکرز کو اغوا کیا۔ ان ورکرز کو بھتہ خوری کے لیے اغوا کیا گیا تھا۔
دہشت گردوں نے مغوی ورکرز کو اغوا کرنے کے بعد مقامی ٹھیکیدار کی گاڑی کو بھی نذر آتش کر دیا۔ اس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 8 مغوی ورکرز کو بحفاظت بازیاب کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی باقی مغوی ورکرز کی بازیابی کے لیے ایک بڑے آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگرد کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں، وزیراعظم
ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کی یہ دہشت گردی کی کارروائیاں پاکستان اور اس کے عوام کے لیے انتہائی خطرناک ہیں اور ان کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ ایسے عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔