پی سی بی کا سہ فریقی سیریز ملتان سے لاہور اور کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ

اس سہ فریقی سیریز میں پاکستان کے ساتھ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شامل ہوں گی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سہ فریقی ون ڈے سیریز کو ملتان سے لاہور اور کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سہ فریقی سیریز میں پاکستان کے ساتھ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔ سیریز ابتدا میں ملتان میں شیڈول کی گئی تھی، تاہم اب یہ کراچی اور لاہور منتقل کر دی گئی ہے۔

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق، اس فیصلے کا مقصد بورڈ کے ان اپ گریڈ شدہ مقامات کی تیاری پر اعتماد اور کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کے لیے عالمی معیار کے تجربے کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد بیمار رہا، اب چیمپئنز ٹرافی کے لیے تیار ہوں: فخر زمان

دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی کی تیاریاں بھی بھرپور طریقے سے جاری ہیں، جس کے لیے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کی گنجائش 35 ہزار تماشائیوں تک بڑھا دی گئی ہے اور اسٹیڈیم میں نئی کرسیاں نصب کی گئی ہیں۔

اسٹیڈیم میں براڈکاسٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے 480 جدید ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں، جو شائقین کو شاندار ویوئنگ کوالٹی فراہم کریں گی۔ مزید برآں، تماشائیوں کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے آئندہ ہفتے 2 بڑے ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز بھی نصب کی جائیں گی۔

Exit mobile version