قازقستان:قازقستان کے شہر اکتاؤ میں آذربائیجان ایئر لائنز کا مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، جس میں 39 افراد کی ہلاکت اور 33 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق طیارے میں عملے کے 5 ارکان سمیت 72 مسافر سوار تھے۔ یہ طیارہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روس کے زیر انتظام ریاست چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی جا رہا تھا، تاہم دھند کی وجہ سے طیارے کا راستہ تبدیل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کر دیا
حادثے کی فوری طور پر کوئی خاص وجہ معلوم نہیں ہو سکی، لیکن عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طیارہ فضا میں پرندوں کے ایک غول سے ٹکرا گیا تھا۔
قازقستان کی ہنگامی امور کی وزارت کے مطابق حادثے میں 39 افراد ہلاک اور 33 زخمی ہو گئے ہیں، جن میں سے 21 زخمیوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں ایک 11 سالہ بچی بھی شامل ہے، جبکہ 4 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے سے قبل طیارے نے اکتاؤ ایئرپورٹ کے اوپر کئی چکر بھی لگائے تھے۔ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔