جاپانی حکومت کا منفرد اقدام: ملازمین کو ہفتے میں تین دن چھٹی کی سہولت

ہفتے میں چاردن کام کرنے کی اجازت ہے، گورنر یوریکو کوئیکے کا اعلان

ٹوکیو: جاپانی حکومت کا منفرد اقدام، گورنر یوریکو کوئیکے نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ سال اپریل سے میٹروپولیٹن حکومت کے ملازمین کو ہفتے میں تین دن کی چھٹی دی جائے گی اور ہفتے میں چاردن کام کرنے کی اجازت ہے۔

تفصیلات کے مطابق جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کی شہری حکومت نے ملک میں کم ہوتی شرح پیدائش کے مسئلے کا حل تلاش کرنے کے لیے ایک نیا اقدام کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کام کے روایتی انداز کو تبدیل کرنا ضروری ہے تاکہ زندگی کے اہم مواقع جیسے بچوں کی پیدائش یا ان کی دیکھ بھال کے دوران ملازمین کو اپنے کریئر چھوڑنے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔

جاپان کی وزارت صحت، محنت و فلاح و بہبود کے مطابق، گزشتہ سال جاپان میں فرٹیلٹی ریٹ صرف 1.2 تھا، جبکہ آبادی کے استحکام کے لیے 2.1 فرٹیلٹی ریٹ ضروری ہے۔ اس تناظر میں ٹوکیو کی حکومت نے والدین کے لیے ایک اور منصوبہ پیش کیا ہے جس کے تحت ابتدائی جماعتوں میں پڑھنے والے بچوں کے والدین اپنی ورکنگ آورز کم کرا سکیں گے۔ تاہم، اس سہولت کے بدلے ان کی تنخواہ میں کمی کی جائے گی۔

اعداد و شمار کے مطابق، جاپان میں گزشتہ سال صرف 7 لاکھ 27 ہزار 277 بچوں کی پیدائش ہوئی، جو ایک تشویش ناک صورتحال ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کی ایک بڑی وجہ جاپان میں زیادہ وقت تک دفتر میں کام کرنے کا رجحان ہے، جس کے باعث خواتین کو کریئر اور ماں بننے کے درمیان فیصلہ کرنا پڑتا ہے۔

یہ قدم جاپان کی آبادی کے بحران سے نمٹنے کے لیے ایک کوشش ہے، جس میں حکومت کام اور زندگی کے توازن کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے۔

 

Exit mobile version