جنوبی کوریا کی اسپیشل فورس کے کمانڈر کرنل کِم ہیون نے مارشل لا کی رات پارلیمنٹ پر دھاوا بولنے کے واقعے پر معافی مانگتے ہوئے خود کو نااہل اور غیر ذمہ دار کمانڈر قرار دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرنل کِم نے عوام کے سامنے اعتراف کیا کہ انہوں نے صدر کے حکم پر قومی اسمبلی پر فورسز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس رات میں نے خود کو بہت بڑے خطرے میں ڈال دیا اور قومی اسمبلی پر چڑھائی کے احکامات جاری کیے۔
کرنل کِم نے بتایا کہ وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے موقع پر پہنچنے والے پہلے کمانڈر تھے، جنہوں نے فوجی دستوں کو اسمبلی کی عمارت سیل کرنے کے احکامات دیے۔ اس دوران فوجیوں نے زبردستی عمارت میں داخل ہوکر توڑ پھوڑ کی، جس میں عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے۔
اپنے بیان میں کمانڈر نے سابق وزیر دفاع پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے مارشل لا کے دوران فوجیوں کو غلط طریقے سے استعمال کیا اور انہیں غیر مناسب احکامات دیے۔