ریاض: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ ’ون واٹر سمٹ‘ سے خطاب کرتے ہوئے پانی کی کمی کو دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا اور اس کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہوا ہے، جس کی وجہ سے پانی کی کمی اور خشک سالی جیسے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے ترقی پذیر ممالک کے لیے عالمی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
شہباز شریف نے پانی کے شعبے میں بہتری کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پانی کے وسائل کو محفوظ بنانا اور ان کا دانشمندانہ انتظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا ’ون واٹر سمٹ‘ کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سربراہی اجلاس پانی کے تحفظ کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم ہے، جو بین الاقوامی سطح پر تعاون کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اس موقع پر عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف ریاض پہنچے، جہاں نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران سعودی ولی عہد، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق، وزیراعظم سربراہی اجلاس میں کلیدی خطاب کریں گے اور پانی کے تحفظ، موسمیاتی اثرات سے نمٹنے، اور عالمی تعاون کی اہمیت پر زور دیں گے۔ اجلاس کا مقصد پانی کے وسائل کے انتظام کے لیے بین الاقوامی نقطہ نظر کو فروغ دینا ہے۔