ملک بھر میں لاہور کے علاوہ تمام ریلوے اسٹیشنز کے واک تھرو گیٹس اور لگیج اسکینرز کے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ریلوے پولیس کے حکام نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے سامنے فنڈز کی کمی کا بہانہ بناتے ہوئے اپنی بے بسی ظاہر کی۔
نجی ٹی وی کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر رمیش لال کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں ریلوے حکام نے انکشاف کیا کہ لاہور کے علاوہ تمام ریلوے اسٹیشنز پر لگیج اسکینرز خراب ہیں، اور کوئی واک تھرو گیٹ فعال نہیں ہے۔
ریلوے پولیس کے حکام نے مزید بتایا کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کی باؤنڈری وال بھی ٹوٹی ہوئی ہے۔ کمیٹی کے ارکان نے اسکینرز کی خرابی پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اس سنگین معاملے کی وضاحت طلب کی۔
ریلوے پولیس کے حکام کا کہنا تھا کہ اسکینرز کی دیکھ بھال ان کی ذمہ داری نہیں ہے اور نہ ہی ان کے پاس فنڈز موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سی سی ٹی وی کیمروں کی خریداری کی کوشش کی لیکن مالی وسائل کی کمی آڑے آ گئی۔
کنوینر کمیٹی رمیش لال نے اجلاس کے دوران سیکریٹری ریلوے بورڈ کی رائے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری کے مطابق یہ کام ریلوے پولیس کی ذمہ داری ہے، لیکن پولیس کے پاس وسائل نہ ہونے کی وجہ سے معاملات جمود کا شکار ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 9 نومبر کو کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش دھماکے میں 26 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 62 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ دھماکا اس وقت ہوا جب مسافر پلیٹ فارم پر جعفر ایکسپریس کے ذریعے پشاور روانگی کی تیاری کر رہے تھے۔