مشہد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے دورہ عراق کے دوران اعلیٰ عراقی قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں دو طرفہ دفاعی تعاون سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے عراق کے وزیر اعظم محمد شیعہ السودانی، وزیر دفاع، وزیر داخلہ، اور چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں سلامتی، موجودہ علاقائی صورتحال، اور دو طرفہ دلچسپی کے اہم موضوعات زیر بحث آئے۔ دونوں ممالک نے فوجی تعاون بڑھانے اور دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا کو عراقی مسلح افواج کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر ایک چاق و چوبند فوجی دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ عراقی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان کی عسکری مہارت کو بھرپور انداز میں سراہا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں مزید تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔