بالی وڈ فلم راک اسٹار کی معروف اداکارہ نرگس فخری کی بہن عالیہ فخری کو نیویارک پولیس نے دوہرے قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا واقعہ 2 دسمبر کی صبح نیویارک کے ایک علاقے میں پیش آیا، جب 43 سالہ عالیہ فخری ایک دو منزلہ گیراج کے باہر پہنچیں اور بلند آواز میں چلائیں آج تم سب کا آخری دن ہے، تم سب مرو گے!
پڑوسیوں نے شور سن کر گھروں سے باہر آ کر دیکھا کہ مکان آگ کی لپیٹ میں تھا۔ بعد ازاں فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پایا، لیکن 35 سالہ جیکب اور اس کی 33 سالہ خاتون دوست ایٹین، جو اوپر کی منزل پر سو رہے تھے، کی لاشیں دھواں بھرنے اور جھلسنے کے باعث ملی۔
پولیس نے عالیہ فخری کو فوری طور پر گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب اداکارہ نرگس فخری نے اس واقعے پر تاحال کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے جبکہ ان کی والدہ نے اپنی بیٹی کے اس جرم میں ملوث ہونے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مرنے والے جیکب کی والدہ نے انکشاف کیا کہ عالیہ جیکب کے ساتھ اپنے تعلقات بحال کرنا چاہتی تھی، لیکن جیکب نے انکار کر دیا تھا۔ ان کے مطابق جیکب اب اپنی نئی ساتھی ایٹین کے ساتھ خوش تھا اور یہی وجہ تھی کہ عالیہ نے حسد اور جلن میں یہ سنگین قدم اٹھایا۔