نارووال اور سیالکوٹ کے دورے کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان قوم کی حمایت سے مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، پاک فوج ہر سازش کو ناکام بنادے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل عاصم منیر نے فیلڈ ٹریننگ مشقوں کا معائنہ کیا، جہاں کور کمانڈر گوجرانوالہ اور انسپکٹر جنرل آف ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے ان کا استقبال کیا۔
مشقوں میں آرمر، انفینٹری، میکانائزڈ انفینٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس، آرمی ایوی ایشن، اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل یونٹس نے مربوط آپریشنز کیے، جن میں برقی جنگی صلاحیتوں اور معلوماتی آپریشنز کا مظاہرہ بھی شامل تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان مشقوں کا مقصد دشمن کے مواصلاتی نظام میں خلل ڈالنے اور جدید جنگی ماحول میں غلط معلومات کی حکمت عملیوں کا سامنا کرنے کی تیاری کرنا تھا۔ آرمی چیف کو ان مشقوں کے مقاصد اور انعقاد پر جامع بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے مشقوں کے دوران میدان میں وقت گزارا اور فوجیوں کی تربیتی مہارت، آپریشنل تیاری اور بلند حوصلے کی تعریف کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مسلح افواج تمام خطرات سے نمٹنے اور دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے قوم کے عزم کو مسلح افواج کی سب سے بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی حمایت کے ساتھ، ہم مادر وطن کی خودمختاری کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ جنرل عاصم منیر نے دشمن کی کسی بھی ممکنہ چال کا مقابلہ کرنے کے لیے مستقل تیاری کی ضرورت پر زور دیا۔