بنوں میں مارٹر گولہ پھٹنے سے مدرسے کے 3 بچے جاں بحق

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا

بنوں: جانی خیل کے علاقے میں افسوس ناک حادثے میں تین بچے جاں بحق ہوگئے، جب مدرسے کے بچوں نے کھلونا سمجھ کر مارٹر گولہ اٹھا لیا، جو بعد میں دھماکے سے پھٹ گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق بچوں کی شناخت ذیشان، وہاب اور عالم زیب کے ناموں سے ہوئی ہے۔ یہ تینوں بچے مقامی مدرسے کے طالب علم تھے۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ یہ مارٹر گولہ سین تانگہ نالہ میں موجود تھا، جہاں بچوں نے اسے کھلونا سمجھ کر اٹھا لیا اور کھیلنے لگے، جس کے نتیجے میں دھماکہ ہوا۔

واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے پسماندگان کے لیے صبر اور حوصلے کی دعا کی۔ گورنر نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے دکھ کو اپنا سمجھتے ہیں۔

Exit mobile version