چیمپئنز ٹرافی پر اہم پیش رفت، ووٹنگ سے پہلے حل متوقع

نئے فارمولے کے تحت بھارتی کرکٹ بورڈ کو تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا، ذرائع

دبئی: چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اہم پیش رفت، امکان ہے کہ ووٹنگ کے مرحلے سے پہلے ہی مسئلہ حل ہو جائے گا۔

ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کے تجویز کردہ فارمولے پر رضامندی ظاہر کر دی تو معاملہ ووٹنگ تک نہیں جائے گا۔

نئے فارمولے کے تحت بھارتی کرکٹ بورڈ کو تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا، جس کے بعد تمام متعلقہ فریقین کسی حتمی نتیجے پر پہنچ سکتے ہیں۔ اگر یہ ممکن ہوا تو آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ کی ضرورت بھی پیش نہیں آئے گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اس فارمولے کو "ہائبرڈ” کا نام نہیں دیا جائے گا بلکہ اس کے لیے نیا عنوان منتخب کیا جائے گا۔ یہ نیا نظام چیمپئنز ٹرافی سے شروع ہو کر تین سال تک لاگو رہے گا، جس کے تحت بھارت اپنے میچز دبئی میں کھیلے گا، اور پاکستان بھی آئندہ تین سال تک تمام میچز دبئی میں کھیلنے پر راضی ہوگا۔

اس فارمولے کے تحت بھارت اور پاکستان ایک دوسرے کے ملک میں کوئی ٹورنامنٹ نہیں کھیلیں گے۔ آئی سی سی نے اس مسئلے کے حل کے لیے "پارٹنرشپ فارمولے” پر غور شروع کر دیا ہے اور بھارتی بورڈ کو اس پر رضامندی کا مشورہ دیا ہے۔

یہ اقدامات پاکستان کی جانب سے ممکنہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ امکان ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول اور میچ وینیوز کا حتمی اعلان ایک یا دو دن میں ہو جائے گا۔

Exit mobile version