پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے ریڈ بال اور وائٹ بال اسکواڈز کا اعلان کردیا ہے۔ اس دورے میں پاکستان ٹیم 10 دسمبر سے 7 جنوری تک تین ٹی20، تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ سیریز کا آغاز ڈربن میں پہلے ٹی20 سے ہوگا، جبکہ ٹیسٹ میچز بالترتیب سنچورین اور کیپ ٹاؤن میں ہوں گے۔
ٹیسٹ اسکواڈ میں فاسٹ باؤلر محمد عباس کی واپسی ہوئی ہے، جنہوں نے آخری مرتبہ 2021 میں جمائیکا میں ٹیسٹ کھیلا تھا۔ محمد عباس نے موجودہ قائداعظم ٹرافی کے 5 میچز میں 31 وکٹیں حاصل کیں، جس کی بنیاد پر انہیں دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔
شاہین شاہ آفریدی کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے پیش نظر صرف وائٹ بال اسکواڈ میں رکھا گیا ہے، تاکہ وہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے تازہ دم رہ سکیں۔ اس کے علاوہ نسیم شاہ ٹیسٹ اور ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہیں، جبکہ نوجوان کھلاڑی سفیان مقیم نے پہلی بار ون ڈے ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔
انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانے والے آف اسپنر ساجد خان کو جنوبی افریقہ کی تیز باؤلنگ کے لیے سازگار کنڈیشنز کے باعث نظر انداز کیا گیا ہے، اور ان کی جگہ محمد عباس کو ترجیح دی گئی ہے۔ دوسری جانب نعمان علی کو واحد اسپیشلسٹ اسپنر کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ ہر فارمیٹ کے لیے مخصوص کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے تاکہ ٹیم جنوبی افریقہ میں اچھی کارکردگی دکھا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فخر زمان کی غیر موجودگی فارم اور میچ فٹنس کی کمی کے باعث ہے۔
ٹیسٹ ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے، جبکہ وائٹ بال ٹیم کی کمان محمد رضوان کے سپرد ہوگی۔ قومی ٹیم کے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی ٹیسٹ سیریز کے کیمپ کے لیے جوہانسبرگ پہنچیں گے۔
ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے اسکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، حسیب اللہ (وکٹ کیپر)، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد عباس، محمد رضوان (وکٹ کیپر )، نسیم شاہ، نعمان علی، صائم ایوب اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔
ون ڈے اسکواڈ میں محمد رضوان (کپتان اور وکٹ کیپر )، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، حارث رؤف، کامران غلام، محمد حسنین، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم، طیب طاہر اور عثمان خان (وکٹ کیپر) شامل ہیں جبکہ ٹی 20 کے اسکواڈ میں محمد رضوان (کپتان اور وکٹ کیپر )، ابرار احمد، بابر اعظم، حارث رؤف، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، محمد حسنین، محمد عرفان خان، عمیر بن یوسف، صائم ایوب، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم، طیب طاہر اور عثمان خان (وکٹ کیپر) شامل ہیں۔
ٹور شیڈول کے مطابق پہلا ٹی 20 ڈربن میں 10 دسمبر کو ہو گا جبکہ دوسرا ٹی 20 سنچورین میں 13 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ اسی طرح تیسرا ٹی 20 جوہانسبرگ میں 14 دسمبر کو ہو گا۔
ون ڈے سیریز کا پہلا ون ڈے (پارل) 17 دسمبر ، دوسرا 19 دسمبر کو کیپ ٹاؤن میں جبکہ تیسرا ون ڈے 22 دسمبر کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔
اسی طرح 26-30 دسمبر کو پہلا ٹیسٹ سنچورین، 3-7 جنوری کو دوسرا ٹیسٹ کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔