ملتان میں کھیلے گئے چوتھے بلائنڈ ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو شکست دے کر پہلی بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 140 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان بلائنڈ ٹیم نے محمد صفدر اور نثار علی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 140 رنز کا ہدف 10.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا اور پورے ورلڈکپ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کرلی۔
بنگلہ دیش کی طرف سے عارف حسین 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ایم ڈی سلمان نے 31 اور عاشق الرحمٰن نے 22 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑی ڈبل فیگر میں نہ پہنچ سکے۔
پاکستان کی جانب سے بابر علی نے 2 جبکہ محمد سلمان اور مطیع اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سیمی فائنلز میں پاکستان نے نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، جبکہ بنگلہ دیش نے سری لنکا کے خلاف 6 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
یہ پاکستان کا پہلا بلائنڈ ٹی20 ورلڈکپ ٹائٹل ہے۔ اس سے قبل تینوں ایونٹس بھارت نے جیتے تھے۔