خیبر پختونخوا: سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، 8 دہشتگرد ہلاک، 2 جوان شہید

آپریشنز کے دوران پاک فوج کے 2 جوانوں نے جام شہاد نوش کیا،آئی ایس پی آر

پشاور: خیبرپختونخوا کے دو مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں کے علاقے بکاخیل میں ایک بڑے آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک اور 9 زخمی ہوئے۔

دوسری کارروائی خیبر ضلع میں کی گئی جہاں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 کو گرفتار کیا گیا۔ دونوں آپریشنز کے دوران پاک فوج کے دو جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ خیبر ضلع میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں لاہور کے رہائشی 25 سالہ کیپٹن محمد ذوہیب الدین شہید ہوگئے، جبکہ بنوں کے علاقے بکاخیل میں آپریشن کے دوران جھنگ کے رہائشی 29 سالہ سپاہی افتخار حسین نے جان قربان کر دی۔

یہ کارروائیاں علاقے میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے کی گئیں، جن میں فورسز کی جرات اور قربانی کی شاندار مثالیں قائم ہوئیں۔

Exit mobile version