ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

قلات، پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور زیارت کے علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان

اسلام آباد، کوئٹہ: ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمالی بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

کوئٹہ اور اس کے گردونواح میں موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی ہے، جبکہ قلات، پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور زیارت کے علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

سردی میں اضافہ ہونے کے ساتھ ہی قلات کا درجہ حرارت 4 اور کوئٹہ کا 6 سینٹی گریڈ تک گر چکا ہے، جبکہ دیگر شہروں میں نوکنڈی کا درجہ حرارت 10، سبی کا 14، تربت کا 17 اور جیونی کا 19 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وادی کاغان کے سیاحتی مقام ناران کو شدید برفباری کے باعث بند کر دیا گیا ہے، تاہم شوگراں اور بالاکوٹ کے راستے بدستور کھلے ہیں۔

پنجاب اور بالائی سندھ کے چند میدانی علاقوں میں صبح کے وقت دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے، جبکہ لاہور ایک بار پھر پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں سرِفہرست رہا اور وہاں بارش کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔

Exit mobile version