پاکستان انڈر 19 کی بھارت کے خلاف شاندار فتح

شاہ زیب کی شاندار سنچری، پاکستان نے بھارت کو ہرا کر فاتحانہ آغاز کیا

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ 2024 کے پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کو 43 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا شاندار آغاز کیا۔ دبئی میں کھیلے گئے اس مقابلے میں قومی ٹیم نے 282 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 48 اوورز میں 237 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

قومی ٹیم کی اننگز کی خاص بات عثمان خان اور شاہ زیب خان کی شاندار اوپننگ پارٹنرشپ تھی، جنہوں نے پہلی وکٹ کے لیے 160 رنز جوڑے۔ شاہ زیب خان نے 147 گیندوں پر 159 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جس میں 10 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے، جبکہ عثمان خان نے 60 رنز بنائے۔

جوابی اننگز میں بھارت کے نکھل کمار نے سب سے زیادہ 67 رنز بنائے، لیکن ان کی کارکردگی بھی بھارت کو فتح دلانے میں ناکام رہی۔

روایتی حریفوں کے میچ نے شائقین کے جوش و خروش کو عروج پر پہنچا دیا۔ ایسے میچوں میں ہمیشہ کھلاڑیوں پر زبردست دباؤ ہوتا ہے، اور شکست کھانے والی ٹیم کے کھلاڑی اکثر مداحوں کی شدید تنقید کا سامنا کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ پاک بھارت کرکٹ تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔ بھارت نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پاکستان میں شیڈول میچز کھیلنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد آئی سی سی نے ہائبرڈ ماڈل پیش کیا تھا۔ تاہم پاکستان اپنے مؤقف پر ڈٹا ہوا ہے کہ دونوں ٹیموں کو کھیل کے لیے یکساں اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔

Exit mobile version