پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے تین اہلکاروں کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کر دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تینوں اہلکار گزشتہ روز جاری احتجاج کے دوران شہید ہوئے تھے۔ شہدا کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کر دی گئی ہیں، جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ شہدا میں نائیک محمد رمضان، سپاہی گلفام خان اور سپاہی شاہنواز شامل ہیں۔
نماز جنازہ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جاری تشدد کی کارروائیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی برداشت کی حدود کو پار کر رہی ہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی افراتفری، خونریزی یا سیاسی مذموم مقاصد کے لیے انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے احتجاج کے دوران ہونے والے تشدد کو ناقابل قبول اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے شہید اہلکاروں کو قوم کا خراج عقیدت پیش کیا۔