انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں، خونریزی چاہتا ہے: وزیراعظم

قانون نافذ کرنے والوں پر حملے ناقابل قبول ہیں: شہباز شریف کی مذمت

اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے سری نگر ہائی وے پر احتجاجی مظاہرین کی جانب سے رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے اس عمل کو انقلاب کے نام پر خونریزی قرار دیا۔

وزیرِاعظم نے حملے میں شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے واقعے میں ملوث افراد کی فوری شناخت کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نام نہاد پرامن احتجاج کے پردے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کسی طور قابل قبول نہیں۔ یہ ٹولہ نہ صرف شدت پسندی کو ہوا دے رہا ہے بلکہ پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی زندگیوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جو کہ شہر میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ ان حملوں سے متاثر ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کے اہلِ خانہ کی زندگیاں اجیرن بنا دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مظاہرین انقلاب نہیں بلکہ خونریزی چاہتے ہیں اور پاکستان کسی بھی قسم کی بدامنی اور انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

شہباز شریف نے مظاہرین کی شدت پسندی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مذموم سیاسی مقاصد کے تحت خونریزی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے قوم کی جانب سے پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا۔

Exit mobile version