حکومت کسی بھی صورت جانی نقصان کی خواہاں نہیں، محسن نقوی

آنسو گیس کی شیلنگ اور تشدد ملک کے لیے بدنامی کا باعث ہے، وزیر داخلہ

اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ حکومت کسی بھی صورت جانی نقصان کی خواہاں نہیں، ہماری کوشش تھی کہ اسلام آباد کی سڑکوں پر کوئی تماشہ نہ بنے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت بھی مذاکرات چاہتی ہے، مگر کچھ خفیہ عناصر خون خرابے کے امکانات کو بڑھا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ آنسو گیس کی شیلنگ اور تشدد ملک کے لیے بدنامی کا باعث ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ روز کی جھڑپوں میں 4 اہلکار شہید ہوئے، جن میں 3 رینجرز اور ایک پنجاب پولیس کا جوان شامل تھا، جبکہ 2 اے ایس پی، ایس پی اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی قیادت کو سنگجانی میں احتجاج کے لیے جگہ فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، جس پر ابتدائی طور پر اتفاق ہوا لیکن خفیہ عناصر نے معاملات خراب کر دیے۔

ان کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت سے بات چیت کی کوشش کی گئی لیکن ایک خفیہ قوت پارٹی کے تمام فیصلے کنٹرول کر رہی ہے، جس کے ارادے پاکستان کے مفاد میں نہیں۔

محسن نقوی نے زور دیا کہ گولی کا جواب گولی دینا آسان تھا لیکن حکومت نے صبر کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے آئی جی پولیس کو واضح ہدایات دی ہیں کہ وہ اپنے دفاع کا مکمل اختیار رکھتے ہیں اور حکومت اپنے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے قافلے زیادہ تر خیبر پختونخوا سے آئے اور ان میں پنجاب سے کوئی خاص شرکت نہیں۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے وسائل مظاہرین کو فراہم کیے گئے، اور آنسو گیس کے شیلز جیسے مہنگے ہتھیار عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت خون خرابہ نہیں چاہتی، لیکن خفیہ قوت ان کے معاملات کو کنٹرول کر رہی ہے۔

Exit mobile version