بشریٰ بی بی کا متنازع بیان: گوجرانوالہ میں ایک اور مقدمہ درج

بشریٰ بی بی کے بیان سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو نقصان پہنچا: ایف آئی آر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ، بشریٰ بی بی کے متنازع بیان پر گوجرانوالہ کے تھانہ گگھڑ منڈی میں ان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ شہری سعید بٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں بشریٰ بی بی پر ملک میں مذہبی کشیدگی پیدا کرنے اور پیکا ایکٹ کی دفعات کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق بشریٰ بی بی کے بیان سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان جذباتی تعلقات کو ٹھیس پہنچی ہے اور ان کے بیان نے دونوں ممالک کے تعلقات کو نقصان پہنچایا۔ مزید یہ کہ ان کے بیان نے مذہبی منافرت کو ہوا دی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

اس سے قبل، گزشتہ روز بھی بشریٰ بی بی کے متنازع بیان کے بعد پنجاب کے دیگر شہروں، بہاول نگر اور اوکاڑہ میں بھی ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے تھے۔ اس کے علاوہ، بشریٰ بی بی کے خلاف پہلے ہی 4 مختلف مقامات پر ٹیلی گراف ایکٹ 1885 کے تحت مقدمات درج ہو چکے ہیں۔

Exit mobile version