لاہور: پاکستان ریلوے نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر لاہور، راولپنڈی اور پشاور کے درمیان تمام ٹرین سروس معطل کر دی۔
ریلوے حکام کے مطابق لاہور سے راولپنڈی، پشاور سے راولپنڈی، اور ملتان و فیصل آباد سے راولپنڈی کے درمیان چلنے والی تمام ٹرینوں کی سروس فوری طور پر بند کر دی گئی ہے۔ آج 24 نومبر کو روانہ ہونے والی تمام 25 ٹرینوں کی بکنگ منسوخ کر دی گئی ہے، اور مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے ٹکٹوں کی رقم واپس حاصل کریں۔
ریلوے حکام نے تمام اسٹیشنز پر اضافی سکیورٹی تعینات کر دی ہے اور لاہور سمیت کئی ریلوے اسٹیشنز کو سیل کر دیا گیا ہے۔ مسافروں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ ٹکٹوں کی واپسی کے لیے اسٹیشن کے عارضی ٹکٹ کاؤنٹرز کو فعال کر دیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مسافروں کی حفاظت اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔