اسلام آباد: وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان، نے واضح کیا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کو اونے پونے داموں فروخت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بات لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی، جہاں انہوں نے کہا کہ میری ذمہ داری پی آئی اے کو ٹھیک کرنا نہیں بلکہ فروخت کرنا ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل ان کے عہدے سنبھالنے سے چھ ماہ قبل شروع ہو چکا تھا، اور وہ اس میں کوئی تبدیلی نہیں کر سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے نجکاری کے طے شدہ طریقہ کار کے تحت ہی کام کرنے کا اختیار ہے۔
وزیر نجکاری نے اس بات پر زور دیا کہ پی آئی اے کا موجودہ حال ان کی ذمہ داری نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ "سب لوگ اپنے اپنے گریبانوں میں جھانکیں اور دیکھیں کہ قومی ایئرلائن کا بیڑا غرق کرنے میں ان کا کیا کردار ہے۔”
عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہیں نہ تو بتایا جائے کہ کس طرح کام کرنا ہے اور نہ ہی کاروبار سکھایا جائے، کیونکہ ان کے پاس اس کا تجربہ ہے۔ اگر پی آئی اے کی فروخت میں کوئی کوتاہی ہوئی تو وہ اس کی ذمہ داری قبول کریں گے، لیکن وہ خود خریدار نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ مختلف صوبوں کی حکومتیں قومی ایئرلائن کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی آئی اے کو اگر صحیح طریقے سے چلایا جائے تو یہ ایک قیمتی اثاثہ بن سکتی ہے۔
عبدالعلیم خان نے قومی اسمبلی میں بھی یہ سوال اٹھایا کہ کون سی جماعت اس حکومت میں شامل نہیں رہی جو پی آئی اے کی موجودہ حالت کی ذمہ دار نہیں ہے، اور اس میں سب شامل ہیں۔