بشریٰ بی بی کی 27 مقدمات میں راہداری ضمانت منظور

سردیوں کی چھٹیاں قریب، زیادہ وقت نہیں دیا جا سکتا،جسٹس وقار احمد کے ریمارکس

پشاور : پشاور ہائی کورٹ نے سابق وزیرِاعظم عمران خان کی اہلیہ، بشریٰ بی بی، کو 27 مقدمات میں 23 دسمبر تک راہداری ضمانت دے دی۔ یہ فیصلہ عدالت کے جسٹس وقار احمد کی سربراہی میں ہونے والی سماعت کے دوران کیا گیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف مختلف نوعیت کے 27 مقدمات درج ہیں، اور ان کے لیے پیشی کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

وکیل نے مزید کہا کہ ان کے موکل کو 50 سے زائد مقدمات میں پیش ہونا ہے، لہٰذا مناسب وقت دیا جائے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ بشریٰ بی بی کو پابند کیا جائے کہ وہ متعلقہ عدالتوں میں حاضری یقینی بنائیں۔

جسٹس وقار احمد نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عدالت نے بشریٰ بی بی کو راہداری ضمانت اس شرط پر دی ہے کہ وہ مقررہ وقت میں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوں۔ تاہم، زیادہ وقت فراہم کرنا ممکن نہیں کیونکہ سردیوں کی تعطیلات قریب ہیں۔

عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد بشریٰ بی بی کو 23 دسمبر تک راہداری ضمانت فراہم کر دی گئی۔

Exit mobile version