حکومت کا حج درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں مزید توسیع کا فیصلہ

درخواستوں کی وصولی کی تاریخ بڑھا کر10 دسمبر تک کر دی گئی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے حج درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں مزید 7 دن کی توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان وفاقی وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ دور دراز علاقوں میں حج درخواستوں کی جمع کروانے میں مشکلات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب سرکاری حج سکیم کے تحت درخواستیں 10 دسمبر تک نامزد بینکوں میں جمع کرائی جا سکیں گی۔

وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہا کہ اگر درخواستوں کی تعداد کوٹے سے زیادہ ہو گئی تو قرعہ اندازی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمندر پار پاکستانی 10 دسمبر تک سپانسرشپ کی رقم لازمی جمع کروا دیں، جس کے بعد سپانسرشپ سکیم میں موصول ہونے والی درخواستوں کو بلا قرعہ اندازی کامیاب قرار دے دیا جائے گا۔

وفاقی وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا کہ عازمین حج وزارت کی ویب سائٹ پر موجود آن لائن پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے بھی اپنی حج درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں، عازمین کو نئی ہدایات کے لیے پاک حج موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

Exit mobile version