ڈھاکا: بنگلادیش کی عبوری حکومت کے سربراہ کا الیکشن کے حوالے سے اہم اعلان
تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کی عبوری حکومت کے سربراہ، پروفیسر محمد یونس نے حال ہی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ملک میں الیکشن صرف اس صورت میں کرائے جائیں گے جب الیکشن کمیشن، عدلیہ، میڈیا اور انتظامیہ میں اہم اصلاحات مکمل ہو جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اس وقت کیا جب ایک صحافی نے عبوری حکومت سے ملک میں الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے سوال کیا۔
محمد یونس نے واضح کیا کہ عبوری حکومت کی پہلی ترجیح طلبا تحریک کے دوران جاں بحق ہونے والوں کو انصاف فراہم کرنا اور ذمہ داروں کو سخت سزا دلوانا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد انصاف کی فراہمی اور ذمہ داروں کو سزا دینا ہے تاکہ ملک میں امن و امان قائم ہو سکے۔
سربراہ محمد یونس نے اقوام متحدہ کی مانیٹرنگ ٹیم کو بھی خوش آمدید کہا اور شواہد کی فراہمی میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور میڈیا میں بھی اہم اصلاحات کی جائیں گی کیونکہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے ان اداروں میں تبدیلیاں ضروری ہیں۔
تاہم محمد یونس نے انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کوئی خاص وقت کا فریم فراہم کرنے سے گریز کیا، اور کہا کہ اصلاحات کے مکمل ہونے کے بعد ہی انتخابی شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ بنگلادیش میں دو ماہ سے جاری طلبا تحریک کے نتیجے میں رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں شیخ حسینہ واجد نے مستعفی ہو کر بھارت پناہ لے لی تھی۔ اس کے بعد فوج نے ملک میں عبوری حکومت قائم کی ہے جس میں مختلف جماعتوں اور طلبا کی نمائندگی شامل ہے۔