طوفان فینگل سے سری لنکا اور بھارت میں تباہی، ہلاکتیں 20 تک جا پہنچیں

طوفان ہفتے کے روز بھارتی ریاست تامل ناڈو سے ٹکرایا، رپورٹ اے ایف پی

سری لنکا اور جنوبی بھارت کے علاقوں کو متاثر کرنے والے طاقتور سمندری طوفان "فینگل” کے نتیجے میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق طوفان ہفتے کے روز بھارتی ریاست تامل ناڈو سے ٹکرایا، جس کے بعد پدوچیری میں گزشتہ 30 سالوں میں ایک دن میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔

پہلے سے ہی متاثرہ سری لنکا میں، جہاں طوفان نے گزشتہ ہفتے تباہی مچائی، ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 17 ہوگئی، جبکہ 4 لاکھ 7 ہزار سے زائد افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل ہونا پڑا، یہ اعداد و شمار سری لنکا کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے فراہم کیے۔

تامل ناڈو کے وزیر برائے آفات، ایس آر رامچندرن نے تصدیق کی کہ طوفان کی تباہ کاریوں کے دوران کرنٹ لگنے سے 3 ہلاکتیں ہوئیں۔ شدید بارشوں کے بعد جنوبی بھارت کے کچھ علاقوں میں سڑکیں زیرِ آب آ گئیں، اسکول بند کر دیے گئے اور موسمی حکام نے سیلاب کے خطرے کے حوالے سے خبردار کیا۔

ماہرین کے مطابق شمالی بحرِ ہند کے سمندری طوفانوں کو دیگر علاقوں کے ہری کینز اور ٹائیفونز کے برابر سمجھا جاتا ہے، جو کہ ایک باقاعدہ اور مہلک خطرہ ہیں۔

سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ کی وجہ سے طوفان زیادہ شدید اور طاقتور ہو رہے ہیں۔ گرم سمندری پانی زیادہ آبی بخارات خارج کرتا ہے، جو طوفانوں کو مزید توانائی اور بارشوں میں شدت فراہم کرتا ہے۔ تاہم، موسمیاتی پیشگوئی کے بہتر نظام اور مؤثر منصوبہ بندی کی وجہ سے ہلاکتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

Exit mobile version