لندن : کسی شہر کو بہترین بنانے کے لیے کون سے عوامل سب سے اہم ہیں؟ کچھ لوگوں کے نزدیک مصروف علاقے، سستے کھانے، اور سہولتوں کی فراوانی اہمیت رکھتی ہے، جبکہ دوسروں کے خیال میں سرسبز مقامات، مقامی لوگوں کی خوشی اور سماجی ہم آہنگی جیسے عناصر کسی شہر کو بہترین بناتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، 2025 کے لیے دنیا کے بہترین شہروں کی ایک فہرست جاری کی گئی ہے، جو 30 ممالک کے 22 ہزار افراد کی آراء پر مبنی سروے کے نتائج سے تیار کی گئی۔ اس فہرست میں دولت، رہائشی سہولیات، اور عالمی پسندیدگی کو مدنظر رکھا گیا۔
نتائج کے مطابق، لندن دنیا کے بہترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر رہا، نیویارک دوسرے اور پیرس تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ٹوکیو کو چوتھے نمبر پر جگہ ملی، جو ایشیا کا بہترین شہر قرار پایا۔
سنگاپور پانچویں، روم چھٹے، اور میڈرڈ ساتویں نمبر پر موجود رہے، جبکہ بارسلونا آٹھواں بہترین شہر قرار دیا گیا۔ دبئی اس فہرست میں 13ویں نمبر پر رہا، لیکن مشرق وسطیٰ کا بہترین شہر ہونے کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
یہ فہرست نہ صرف مختلف شہروں کی موجودہ حالت کا احاطہ کرتی ہے بلکہ رہائش، معیار زندگی، اور سیاحت کے امکانات کو بھی ظاہر کرتی ہے۔