ٹی 20 ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو بڑے مارجن سسے ہرا دیا

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو بدترین شکست دے دی، ویسٹ انڈیز نے میچ 104 رنز سے جیت لیا۔

افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، ویسٹ انڈیز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز بنائے اور افغانستان کو جیت کے لیے 219 رنز کا ہدف دیا۔

ویسٹ انڈیز کے اوپنرز نے ٹیم کو 22 رنز کا آغاز فراہم کیا، برینڈن کنگ 7 رنز بنا کر عظمت اللّٰہ کی بال پر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد آنے والے بیٹر نکولس پورن اور جونسن چارلس نے دوسری وکٹ پر ٹیم کو 38 بالوں پر 80 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی، جونسن چارلس 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

وکٹ کی دوسری جانب نکولس پورن کا لاٹھی چارج جاری رہا اور انہوں نے تیسری وکٹ کے نقصان پر شائے ہوپ کے ساتھ ٹیم کو 33 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی، ہوپ 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

چوتھی وکٹ پر نکولس پورن نے کپتان رؤمن پاول کے ہمراہ اپنی ٹیم کو 64 رنز اور پانچویں وکٹ پر آنڈرے رسل کے ساتھ ٹیم کو 16 رنز کی پارٹنرشپ فراہم کی۔

نکولس پورن 53 بالوں پر 98 رنز کی عمدہ اننگ کھیل کر آخری اوور میں عظمت اللّٰہ عمرزئی کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی رؤمن پاول تھے جنہوں نے 26 رنز کی اننگ کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 114 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔

افغانستان کی جانب سے ابراہیم زردان 38، عظمت اللّٰہ 23 اور کپتان راشد خان 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے عبید مک کوئے نے 3 جبکہ عقیل حسین اور گداکیش موتی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک ایک کھلاڑی کو آندرے رسل اور جوزف الرازی نے بھی آؤٹ کیا۔

Exit mobile version