ایڈیلیڈ: پاکستان کی شاندار باؤلنگ کے باعث دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلوی ٹیم صرف 163 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اور پاکستان کو جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دیا گیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ایڈیلیڈ اوول گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز جیک فریزر اور میتھیو شارٹ نے کیا، تاہم دونوں ہی کھلاڑیوں کو شاہین شاہ آفریدی نے جلدی آؤٹ کر دیا۔ جیک فریزر 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، جبکہ میتھیو شارٹ کو شاہین نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔
آسٹریلیا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جوش انگلس تھے، جو 18 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے، جب کہ مارنس لبوشین بھی حارث کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
محمد حسنین نے آسٹریلیا کے سیٹ بیٹر سٹیو سمتھ کو 35 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا، اور پھر گلین میکسویل ایک بار پھر ناکام ہوئے اور 16 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
آل راؤنڈر ایرون ہارڈی کو حارث رؤف نے 13 رنز پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا، جب کہ مچل سٹارک صرف ایک رن بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر رضوان کو کیچ تھما بیٹھے۔ آخرکار، پیٹ کمنز بھی حارث رؤف کا پانچواں شکار بنے، اور آوَسٹریلیوں کی آخری وکٹ ایڈم زمپا کی گری، جو 18 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
پاکستان کی باؤلنگ کا مرکز حارث رؤف رہے، جنہوں نے 5 وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی نے 3، اور محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے ون ڈے میں ٹاس جیت کر قومی کپتان محمد رضوان نے پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایڈیلیڈ میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور وہ پہلی میچ والی پلیئنگ الیون کے ساتھ میدان میں اترے ہیں۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بھی یہی کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو پہلے باؤلنگ کرتے۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ ان کی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، سین ایبٹ کی جگہ جوش ہیزل ووڈ کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستانی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، سلمان علی آغا، عرفان خان نیازی، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔
آسٹریلوی ٹیم میں کپتان پیٹ کمنز، میتھیو شارٹ، جیک فریزر، سٹیو سمتھ، جوش انگلس، مارنوس لبوشین، گلین میکسویل، ایرون ہارڈی، جوش ہیزل ووڈ، مچل سٹارک اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔
یاد رہے کہ تین میچز پر مشتمل سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے، کیونکہ پہلے میچ میں کینگروز نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 میچز کی سیریز بھی شیڈول ہے۔