خیبر پختون خوا میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی کےلیے وفاق اور صوبائی حکومت نے مشترکہ اقدامات کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعلیٰ کے پی نے کہا ہے کہ معاملات حل ہونے میں وقت لگے گا تب تک عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور وزارت داخلہ پہنچے جہاں وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر توانائی اویس لغاری موجود تھے۔ ملاقات میں خیبر پختون خوا کی بجلی کے معاملے پر اہم بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے بعد تینوں شخصیات نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور بتایا کہ وفاق اور خیبر پختون خوا کی حکومت صوبے میں بجلی کے مسئلے کو حل کرنے کےلیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور اویس لغاری پہلے بھی ملے تھے یہ تاثر دیا گیا تھا کہ شاید کوئی بڑا کرائسز ہے آج ایک بڑا بریک تھرو ہوا ہے دونوں کا مقصد عوام کو ریلیف دینا تھا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تمام ادارے مل کر کام کریں گے ہمارا لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ہے ہمیں فخر ہے ہمارا صوبہ بجلی پیدا کرتا ہے.