وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی نائب وزیر داخلہ سے اہم ملاقات

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید تقویت دینے کا عزم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔

یہ بات وزیراعظم نے سعودی نائب وزیر داخلہ عزت مآب ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے سعودی نائب وزیر داخلہ کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے پاکستان کے مشکل وقتوں میں سعودی قیادت اور حکومت کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان میں 2.8 ارب ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے طے پانے والے معاہدوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان کے عملی نفاذ پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے غزہ اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے حالیہ عرب اسلامی سربراہی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر سعودی قیادت کی تعریف کی اور فلسطین میں جاری مظالم کے خلاف سعودی ولی عہد کے امت مسلمہ کو متحد کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ سعودی نائب وزیر داخلہ اور ان کے وفد کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دے گا۔

انہوں نے شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ان کے پرتپاک استقبال کے منتظر ہیں۔

Exit mobile version