پاکستانی نژاد امریکی ریپر، گلوکار اور موسیقار بوہیمیا کی لاہور میں ہونے والے میوزک فیسٹیول کے دوران منتظمین کی جانب سے ناقص انتظامات پر غصہ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔
لاہور میں ’سول فیسٹیول‘ کے دوران متعدد معروف گلوکاروں اور ریپرز نے اپنی پرفارمنس دی، جن میں بلال سعید، عاصم اظہر، فارس شفیع اور بوہیمیا شامل تھے۔ تاہم، اس دوران بوہیمیا کے ساتھ بد انتظامی کا سامنا ہوا جس پر انہوں نے منتظمین پر سخت تنقید کی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں بوہیمیا کو اسٹیج پر آکر اردو میں منتظمین پر غصہ کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ وہ بتا رہے تھے کہ وہ پانچ گھنٹے اسٹیج پر آنے کے لیے انتظار کرتے رہے، لیکن انہیں پرفارمنس کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اب انہیں کہا جا رہا ہے کہ وقت کم ہے، حالانکہ ان کا پروگرام 90 منٹ کا تھا اور وہ اپنے مداحوں کے لیے بہت سارے گانے تیار کرکے لائے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: کبریٰ خان نے فروری میں اپنی شادی کے حوالے سے خبروں کی تصدیق کر دی
بوہیمیا نے منتظمین کی کارروائی کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے مداح بھی کئی گھنٹوں سے ان کا انتظار کر رہے تھے، اور اب انہیں مختصر وقت میں پرفارمنس کرنے کو کہا جا رہا ہے۔ اس سب کے بعد، بوہیمیا نے اسٹیج پر آکر اپنی پرفارمنس کا آغاز کیا، اور ان کی برہمی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بوہیمیا نے لاہور کے سول فیسٹیول میں پرفارمنس کی ہو، بلکہ وہ ماضی میں بھی اس میوزک فیسٹیول کا حصہ بن چکے ہیں۔