وٹامن ڈی کی زیادہ مقدار ہڈیوں کے ٹوٹنے سے نہیں بچا سکتی، تحقیق

اگر جسم میں وٹامن ڈی کی کمی ہو تو یہ کئی طبی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے،ماہرین

ایک حالیہ تحقیق سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ عمر رسیدہ افراد کو ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے اضافی وٹامن ڈی دینا مؤثر ثابت نہیں ہوتا اور یہ ان کی ہڈیوں کو ٹوٹنے سے بچانے میں مددگار نہیں بن سکتا۔

وٹامن ڈی کی معمول کی سطح ہڈیوں، دانتوں، نظام ہاضمہ، دماغی صحت اور مجموعی جسمانی تندرستی کے لیے فائدہ مند سمجھی جاتی ہے۔ اگر جسم میں وٹامن ڈی کی کمی ہو تو یہ کئی طبی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے۔

اکثر ماہرین صحت پچاس سال سے زائد عمر کے افراد کو اضافی وٹامن ڈی تجویز کرتے ہیں تاکہ ان کی ہڈیاں گرنے یا چوٹ لگنے کی صورت میں ٹوٹنے سے محفوظ رہیں، تاہم نئی تحقیق کے مطابق یہ تصور درست نہیں۔

طبی ماہرین نے 54 تحقیقاتی اداروں میں شائع ہونے والی 18 تحقیقات کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا اور یہ نتیجہ اخذ کیا کہ وٹامن ڈی کی اضافی مقدار سے ہڈیوں کی مضبوطی میں کوئی خاص فرق نہیں آتا۔

یہ بھی پڑھیں: معروف بھارتی اداکارو ماڈل کی اہلیہ نے اسلام قبول کرلیا

تحقیق کے مطابق وٹامن ڈی کی نارمل سطح ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے اہم ہے، لیکن اس کی زائد مقدار نہ تو گرنے سے بچاتی ہے اور نہ ہی گرنے کے بعد ہڈیوں کو ٹوٹنے سے محفوظ رکھتی ہے۔

ماہرین نے مزید بتایا کہ یہ عام تصور غلط ہے کہ وٹامن ڈی کی اضافی خوراک بزرگ افراد کو گرنے یا چوٹ کے نقصانات سے بچا سکتی ہے۔ ان کے مطابق گرنے یا چوٹ لگنے کی صورت میں وٹامن ڈی کی زیادہ مقدار بھی ہڈیوں کو ٹوٹنے سے نہیں بچا سکتی۔

Exit mobile version